کھاریاں(نیئر صدیقی سے) میری معصوم بچی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ ایک ماہ ہو گیا لیکن پولیس کیس کے مرکزی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔ وزیر اعلیٰ انصاف دلائیں۔گذشتہ ماہ قتل ہونے والی چودہ سالہ بچی کے والد کی صحافیوں کے سامنے دہائی۔ محلہ ستار پورہ کے رہائشی محمد پرویز اختر کی چودہ سالہ بیٹی 14جنوری کی شام کو سودا سلف لینے محلے کی دکان پر گئی اور پر اسرار طور پر غائب ہو گئی۔ بعد ازاں رات گئے اس کی لاش محلے کے ایک مکان سے مل گئی جس پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے ستارپورہ ہی کے رہائشی راجہ شکیل کی بیوی، بیٹی اور ایک بیٹے کو گرفتار کر لیا مگر اس کا دوسرا بیٹا جو کہ مرکزی ملزم ہے اسے تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ پرویز اختر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، آئی جی پنجاب اور آرپی او سے مطالبہ کیا ہے کہ میری بچی کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنانے والے سفاک ملزم کو فی الفور گرفتار کر کے اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔