بیجنگ ……سیانے ٹھیک ہی کہتے ہیں کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے اور اس کہاوت کا عملی نمونہ چین میں دیکھنے کو ملا،جی ہاں چین میں یہ عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوزائیدہ بچہ معجزاتی طور پر تدفین سے ٹھیک چند لمحے پہلے زندہ ہو گیا۔ہوا یوں کہ گزشتہ ماہ جنوری میں چینی جوڑے کے ہاں مقررہ وقت سے پہلے ایک بچے نے جنم لیا، پیدائش کے وقت بچے کی حالت ٹھیک نہیں تھی، جس پر ڈاکٹروں نے اسے انتہائی نگہداشت میں رکھنے کا فیصلہ کیا۔ یہ بچہ 23 دن تک انکیوبیٹر میں رہا تاہم ڈاکٹروں نے جب دیکھا کہ اب بچے کی حالت سنبھل گئی ہے تو انہوں نے والدین کو اسے گھر لے جانے کی اجازت دیدی۔اس بچے کو گھر لائے ابھی 2 دن ہی ہوئے تھے کہ اس کی حالت دوبارہ خراب ہو گئی اور والدین اسے فوری طور پر ہسپتال واپس لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے چیک اپ کے بعد ہمیں یہ بری خبر دی کہ اس کی موت واقع ہو گئی ہے۔بچے کو کمبل میں لپیٹ کر مردہ خانے میں رکھوا دیاگیا اور عین تدفین کے وقت اس نے رونا شروع کر دیا، جس کے بعد اسے ہسپتال کی ایمرجنسی میں لے جایا گیا جہاں اس کی انتہائی نگہداشت میں دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔