واشنگٹن……… امریکی خفیہ قومی ادارے کے سربراہ جیمز کلیپر نے رواں سال کو افغانستان کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شدید سیاسی بحران کی وجہ سے افغان حکومت کا تختہ الٹ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال افغان حکومت کیلئے ملک میں سیاسی ہم آہنگی قائم رکھنا ایک بڑا چیلنج ہوگا اس کے علاوہ حکومت کیلئے انتخابی اصلاحات اور پہلے سے ملتوی ہونے والے پارلیمانی انتخابات کرانا مشکل نظر آتا ہے۔جیمز کلیپر کے حوالے سے وائس آف امریکا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت اس سال طالبان کے حملے شدید ہوسکتے ہیں۔خدشہ ہے افغان سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں سے کئی دیہاتی علاقے نکل جائیں گے۔ جیمزآر کلیپر کے مطابق امریکا اور اس کے اتحادیوں کو کابل اور دیگر شہروں کے مراکز میں خطرات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ طالبان کے نئے سربراہ ملا اختر منصور کی پوزیشن پہلے سے مضبوط ہوگئی ہے۔ زیادہ طالبان ان کے زیر کنٹرول متحد اور یک جا ہیں۔