سرائے عالمگیر (نمائندہ خصوصی ) ممتاز بزنس مین ورہنما تحریک انصاف کوریا ندیم ڈارنے کہا ہے کہ ہمارے سیاستدان اپنے مفاد کے لیے تمام توانائیاں اور دیگر ذرائع استعمال کر کے ناممکن کو ممکن بنا لیتے ہیں اور سیاسی مخالفیں کو ز چ کرنے کے لیے بھی کمال مہارت رکھتے ہیں لیکن عوام کے حقیقی مسائل کوحل کرنے کی انہیں توفیق نہیں ، انہوں نے کہا کہ سرائے عالمگیر میں تین ریلوے پھاٹک ہیں لیکن انڈر اور اور پاسز سے محروم ہیں جو کہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے ،جس وقت پھاٹک بند ہو جاتا ہے تو گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں، کتنے مریض پھاٹک کی بندش کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں، کتنی مائیں دوران زچگی بے بس اور لاچار ہو کر صعوبتیں برداشت کرنے پر مجبور ہوتی ہیں۔نوجواں رہنمانے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ پھاٹک کے دونوں اطراف رہنے والے شہریوں کے لیے یکساں پریشانی کا باعث ہے،کیونکہ ہزاروں نفوس کی آبادی پر مشتمل اس شہر کے مردوزن اور بچے اس عذاب سے دوچار ہیں بالخصوص سکول و کالج کے اوقاتِ کار میں یہ مسئلہ طلباء و طالبات کے لیے شدیدپریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔ندیم ڈار نے کہا کہ کاش گلیوں نالیوں اور سیوریج جیسے ناکارہ منصوبوں کی مدمیں خرچ کیے گئے فنڈز اس اجتماعی معاملے کو حل کرنے کے لیے خرچ کر کے اس انتہائی سنگین معاملے کو مستقل بنیاد پر حل کیا جا سکتا، ان کا کہنا تھا کہ اب لوگوں کو مزیدجھانسہ نہیں دیاجاسکتا اور نہ بے وقوف بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے بلدیاتی الیکشن کے لیے دلکشی پیدا نہیں کی جاسکتی تھی کہ ہم فرشتہ صفت ہیں اور ہر پل عوام کے مسائل کی فکر میں مبتلارہتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ روائتی سیاستدان عوام کے نام پر اپنی تجارت اور بینک بیلینس کو بڑھانے کے چکر میں رہتے ہیں، قانون اور آئین کو اپنے گھر کی باندی بنا رکھاہے ہم پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے ارباب اختیاراور متعلقہ حکام سے اس حقیقی اجتماعی اور سنگین عوامی مسئلہ کو ترجیحی بنیاد پر حل کرانے کے لیے ہرفورم پر آواز بلند کریں گے اور ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ عوام کو راحت و سکون میسر ہو سکے۔