برمنگھم (ایس ایم عرفان طا ہر سے ) تحریک آزادی کشمیر کو نئی جہد بخشنے کے لیے شہید کشمیر مقبول بٹ کے افکا ر اپنا نے کی ضرورت ہے ، جواں سال نسل کو کشمیر کی تاریخ اور حقیقی نظریا ت سے متعارف کروانے کے لیے تمام کشمیری تحریکوں کو دیانتداری سے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ، ریاست جمو ں و کشمیر کی آزادی و خودمختاری کے لیے محض سوچ اور تخیل کا ہونا کافی نہیں بلکہ اس کے لیے دنیا بھر میں موجود کشمیری عوام کو اپنی عملی خدما ت بھی پیش کرنا ہو نگی ۔ان خیالا ت کا اظہا ر صدر کشمیر فریڈم مو ومنٹ برطانیہ و یورپ کونسلر غلام حسین نے یہا ں مقامی ہوٹل میں جما عت کے عہدیداران کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔اس موقع پر کونسلر عنصر علی خان، ڈاکٹر مسعود رضا، ساجد یوسف ، عبد الحمید ، محمد نواز ، محمد یسین ، پرویز بٹ ، نصیر احمد ، ارشد محمود ، اظہر احمد، آصف یونس ، محمد عدنان ظفر ، محمد اشرف اور دیگر نے خصوصی شرکت کی ۔ صدر کشمیر فریڈ م موومنٹ نے کہاکہ لمحہ فکریہ ہے کہ یورپ اور برطانیہ کے اندر آباد ہماری جواں سال نسل آج کشمیر کی تحریک آزادی اور تاریخ سے نابلد دکھائی دیتی ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ فلسطین کی آزادی کے لیے زیادہ لوگ یکجا ہو جا تے ہیں لیکن کشمیر کی تحریک آزادی کونصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اختلافات اور تفریق کا سامنا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ اس بات کو کبھی بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے کہ اگر مسئلہ کشمیر پر ریفرنڈم کا حق مل جاتا ہے تو کیا آج کا کشمیری نوجوان آزادی کے بعد کردار ادا کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔ انہو ں مزید کہاکہ آنے والے مستقبل قریب میں کشمیر فریڈم مو ومنٹ ریاست جمو ں و کشمیر کے دونوں اطراف میں ویلفیئر ، صحت عامہ ، تعلیم اور بنیا دی سہولیات و شعور و آگہی کے لیے ایک منظم کا م کا آغاز کرے گی ۔ کونسلر عنصر علی خان نے کہاکہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی حامل کشمیری افرادی قوت کو یکجا کرکے تحریک کے لیے متحرک کرنا ہو گا ۔ انہو ں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کو تقویت پہنچا نے کے لیے بیرون ملک آباد کشمیریوں کا ایک دوسرے سے ربط اور تال میل بے حدضروری ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ میں آباد پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل کشمیری ڈاکٹر ز انجنیئرز اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کا ڈیٹا جمع کرنا اشد ضروری ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے لیے محض جذبات اور نعروں کی ہی نہیں بلکہ اسکی تکمیل کے لیے ذہن سازی اور فہم و فراست کی بھی ضرورت ہے ۔ اجلاس سے ڈاکٹر مسعود رضا ، ساجد یوسف ، محمد نواز اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ کشمیر فریڈم موومنٹ کو مزید فعال اور موئثر بنانے کے لیے بیس کیمپ میں مرکزی دفتر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ۔