ڈاکٹرز نے طالبہ کا معدہ صاف کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اسے بچایا نہ جاسکا ، سول ہسپتال لانے سے قبل دم توڑ چکی تھی :ڈاکٹرز
کوئٹہ (یس اُردو) مسلم باغ میں واقع گرلز کالج کی خودکشی کرنے والی طالبہ ثاقبہ حکیم کی میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق موت کالا پتھر نامی زہر استعمال کرنے سے ہوئی جس سے 4 سے 6 گھنٹے میں موت واقع ہو جاتی ہے ۔ ثاقبہ نے پرنسپل کی جانب سے داخلہ نہ بھجوانے پر 13 جنوری کو خودکشی کر لی تھی جسے فوری طور پر مسلم باغ سول ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکڑز نے ثاقبہ کا معدہ صاف کیا مگر اس کے باوجود ثاقبہ کی حالت بہتر نہ ہوئی جس پر ہسپتال انتظامیہ نے اسے کوئٹہ سول ہسپتال ریفر کر دیا گیا ، تاہم ثاقبہ مسلم باغ سے آتے ہوئے کچلاک کے قریب دم توڑ گئی اور جب اسے سول ہسپتال لایا گیا تو وہ مردہ حالت میں تھی ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زہر کی وجہ سے ثاقبہ کے دل اور گردوں نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا ۔