صوبائی دارالحکومت میں بوندا باندی ، ٹھنڈی ہوائوں اور کہیں کہیں پڑنے والے چھینٹوں نے موسم کی خنکی میں اضافہ کر دیا
لاہور (یس اُردو) جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ، اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں بوندا باندی ، ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں ، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج اور کل پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں رم جھم ہوگی ۔ بوندا باندی ، ہولے ہولے چلتی پون ، سرمئی بادلوں کے سائبان تلے جھومتی ڈالیوں ، مسکاتی کلیوں نے شہر اقتدار اسلام آباد کا موسم دلکش بنا رکھا ہے ۔ جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے پڑنے والی پھوار کا سلسلہ آج دن اور رات تک جاری رہنے کی توقع ہے ۔ باغوں کے شہر لاہور میں رم جھم اور کہیں کہیں پڑنے والے چھینٹوں سے موسم خنک ہو گیا ۔ موسم کی خبر دینے والوں کے مطابق وقفے وقفے سے جاری پھوار کہیں بوندا باندی اور کن من کا سلسلہ کل صبح تک برقرار رہنے کا امکان ہے ۔ شہر کے آسمان کو یونہی بادل گھیرے رہیں گے ۔ سیالکوٹ ، صفدر آباد ، وہاڑی ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گرد و نواح میں بارش کے بعد موسم ایک بار پھر ٹھنڈا ہو گیا ۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بہاولپور ، ساہیوال ، فیصل آباد ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، ہزارہ ڈویژن ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔