وزیر اعظم کی بھارتی ہائی کمشنر اور افغان سپیکر سے ملاقاتیں ، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال
اسلام آباد (یس اُردو) وزیر اعظم نواز شریف سے نئے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے اور افغان سپیکر عبدالرئوف ابراہیمی نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف سے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبا والے نے وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے گوتم بمبا والے کی تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ گوتم بمبا والے دونوں ہمسایہ ممالک کو قریب لانے کے لیے کام کریں گے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں ۔ دونوں ممالک میں باہمی تعاون سے سماجی معاشی فائدے حاصل ہوں گے ۔ ادھر افغان سپیکر عبدالرئوف ابراہیمی نے بھی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی ۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا دہشتگردی پاکستان اور افغانستان کا مشترکہ دشمن ہے ۔ اس کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیئے ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کا بات چیت کا فیصلہ امن کیلئے مثبت اشارہ ہے ، افغانستان کی قیادت میں مصالحتی عمل سے امن کی توقع ہے ، ملاقات میں افغان سفیر حضرت عمر ذخیوال ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور آفتاب شیر پاؤ بھی موجود تھے ۔