قاہرہ ……… مصر کے صدر اور سابق فوجی سربراہ عبدالفتح السیسی کو آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ای بے پر فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ، صدر عبدالفتح السیسی نے محمد مرسی کا تختہ الٹ کر اقتدار حاصل کیا تھا۔
میڈیا کے مطابق مصر میں خراب معاشی صورت حال کے پیش نظر صدر کو آن لائن شاپنگ ویب سائٹ ای بے پر فروخت کے لیے پیش کر دیا گیا ہے ۔صدر السیسی کی طرف سے گزشتہ دنوں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اگر ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے انہیں خود کو بھی فروخت کرنا پڑا تو وہ گریز نہیں کریں گے۔مصری صدر کی طرف سے یہ اعلان ترقیاتی منصوبوں کو پیش کرتے ہوئے کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا اگر میرے فروخت ہونے سے کچھ بہتری آتی ہے تو میں خود کو بیچ دوں گا ، جبکہ مصری عوام بھی پبلک فنڈز میں عطیہ دیں ۔ اس اعلان کے بعد ایک شہری نے ان کے ان الفاظ کو دیکھتے ہوئے انہیں ایک تفریحی پیج پر فروخت کے لیے پیش کر دیا۔صارف کی طرف سے السیسی کی تصویر کے “معمولی استعمال شدہ فیلڈ مارشل” کے نام سے اشتہار جاری کیا گیا۔ تاہم اشتہار کے بعد مصری صدر کو خریدنے کے لیے ایک لاکھ ڈالرز سے زائد کی پیشکش بھی آگئی۔گزشتہ سال روسی مسافر طیارہ گرنے سے مصر میں سیاحت کی صنعت متاثر ہوئی ہے جس سے معیشت کو مشکلات کا سامنا ہے۔