counter easy hit

ی کی کہانی، اسی کی اپنی زبانی

Books

Books

تحریر : احمد نثار
یہ کہاوت تو مشہور ہے کہ کتابیں انسان کے اچھے دوست ہوا کرتے ہیں۔
یہ بھی سچ ہے کہ کتابوں میں پائے جانے والے کردار بھی قاری کے اچھے دوست بن جاتے ہیں۔ شرط یہ ہے کہ ایک دوسرے کا تعارف اچھا ہوا ہو۔ پھر سے وہی ترکیب، کتابوں کے شیلف سے لغت نکالی، حرفوں سے گفت و شنید کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آگے بڑھا۔ ‘ی ‘ کی طرف خیال گیا۔ سوچا کہ چلو اب ‘ی ‘ سے بات کریں۔ لغت ٹٹولی، جیسے ہی ‘ ی ‘ کو دیکھا تو یوں لگا کہ انٹرویو کے لیے کوئی باوقار شخصیت کرسی پر بیٹھی ہے۔

میں نے دلچست انداز میں پوچھا۔ میرا سوال: بی خالہ ‘ی ‘، آپ کے مزاج کیسے ہیں؟ جیسے ہی میری آواز سنی تو ‘ی ‘ نے بڑے ہی ناز و ادا سے گفتگو کی تار چھیڑی۔ ی کا جواب : کیا ہے برخوردار۔ بالکل ٹھیک ہوں۔ تم کیسے ہو؟ سنا کہ تم نے حال ہی میں الف صاحب سے ملے ، گفتگو کی اور ان کا انٹرویو بھی لیا؟ وہ بڑے مسرور نظر آرہے تھے اور کہہ رہے تھے کہ چلو کوئی تو آیا پرسانِ حالِ ”ا ب ج د ”۔ مجھے بھی حیرت ہوئی! یہ اچانک ہم پہ نظرِ کرم کیسے؟

Urdu Characters

Urdu Characters

کہیں ریسرچ کے نام پر اسکالرشپ کے لیے تو نہیں لکھ رہے ہو؟ میں : (ذرا سہما بھی اور لڑکھڑایا بھی۔ اس بات پر کہ ‘ی ‘ خالہ نے یہ کیسی بات کہہ دی؟ میں نے ذرا دفاعی انداز ہی میں کہا) ” نہیں ی خالہ، ایسا نہیں ” ، میری لسانی دلچسپی نے آپ سے ملنے اور گفت و شنید کرنے پر اُکسایا بھی اور للچایا بھی، اس کے سوا کوئی دوسری بات نہ تھی۔

ی خالہ : مسکرا کر، چلو اچھا ہوا ۔ بغیر کسی اسکیم اور سکالرشپ کے، اردو کے حق میں کام بھی کرنے والے موجود ہیں۔ یہ اچھی ہی خبر ہے۔ بتائوکیا کام ہے ہم سے؟ اور کیا پوچھنا چاہتے ہو۔

میں : (دل ہی دل میں، یہ اردو والوں کے احوال، لغت میں چھپے ی خالہ تک بھی پہنچ گئے! خیر مجھے کیا لینا دینا، چلو میں اپنا کام کرتا ہوں) کیا میں آپ کو ‘ی’ خالہ پکار سکتا ہوں؟
ی خالہ : مجھے کوئی اعتراض نہیںمگر۔۔۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ دنیا والے یہ سمجھیں کہ تمہاری گفتگو ایلکڑانک خالہ سے ہورہی ہے؟
میں : (مسکراتے ہوئے) شکریہ، ذرا ادباً خالہ جان بھی پکار لوں گا۔ کیاآپ کو ایلکٹرانک دنیا سے بھی واقفیت ہے؟
ی خالہ : (ہنستے ہوئے) کیوں نہیں، کیا صرف تم ہی اس انفارمیشن کے حقدار ہو۔

میں : جی نہیں، میں صرف پوچھ رہا تھا۔ خیر، کیا میں آپ سے چند سوالات پوچھ سکتا ہوں؟
ی خالہ : ضرور پوچھ سکتے ہو۔
میں : جی آپ اپنا تعارف کروائیں۔
ی خالہ : کیوں نہیں۔ سنو!
میرا جنس مونث ہے۔
اور تلفظ یے
فارسی میں یائے۔
اردو کا پینتیسواں
عربی کا اٹھائیسواں
فارسی کا بتیسواں حرف اور
ناگری (دیوناگری) رسم الخط کا چھبیسواں وینجن ہوں۔ مجھے یائے حطی یا مثناتِ تحتانی بھی کہتے ہیں۔ میں حروف علت میں سے تیسرا حرف ہوں۔ ابجد میں میری قدر دس عدد فرض کی گئی ہے۔ جنتری میں سیارہ مشتری کو ظاہر کرتی ہوں اور برج’ ولو’ کا نشان ہوں۔

میرا سوال : اچھا۔ آپ کے اقسام بھی بتاتے چلیے۔
ی خالہ : میری تین قسمیں ہیں؛
١۔ یائے معروف: جیسے ‘ کھِیر’ میں ‘ی ‘۔ دیگر باتیں یائے معروف مفصلہ کی تفصیلات میں بتائوں گی۔
٢۔ یائے مجہول : جیسے ‘میرا ‘میں ‘ی ‘ جو ‘ ے ‘ کی آواز کی مشابہت ہے۔
٣۔ یائے موقوف: ان افعال و اسما کے آخر میں آتی ہوں۔ جن میں قبل اس کے الف یا وائومجہول ہو ۔ جیسے آئے، جائے، روئے، دھوئے وغیرہ۔

میرا سوال : خالہ جان یہ یائے معروف مفصلہ کیا ہے؟ اور ان کے اقسام بھی بتاتے چلئے۔
ی خالہ : اوہ ! بہت خوب۔ تمہارے سوالوں کا قافلہ ٹھیک راستے پر چل رہا ہے۔سنو!
یائے معروف مفصلہ کے معنی، یائے معروف کی تفصیل بیانی۔ یائے معروف کے اقسام، اُن کے نام، ان کے استعمالات اور دیگر تفصیلات۔
یائے معروف مفصلہ ذیل کے معانی میں استعمال ہوتی ہے، جیسے؛
(الف) نسبتی : جیسے، گلابی، دھانی، سنہری، مکی، دہلوی وغیرہ۔
(ب) مصدری : جیسے، برائی، بھلائی، چوڑائی، لمبائی، دانائی، وغیرہ۔
(ج) یائے فاعلیت : جیسے، کسبی، تیلی، دھوبی، درزی وغیرہ۔
(د) یائے مفعولیت : جیسے، مہری، سندی، وغیرہ۔
(ر) فارسی الفاظ میں یائے خطاب تو کے معنوں میں، جیسے، ہستی تو ہے۔
(س) یائے لیاقت جو مصدر کے آخر میںآتی ہے جیسے کشتنی، خوردنی، وغیرہ۔
(ط) ہندی الفاظ میں کبھی اسما و افعال کے آخیر میں آکر تانیث کی علامت ہے جیسے گھوڑی، اندھی، کہی سنی وغیرہ۔
میرا سوال : بہت خوب خالہ جان۔ یہ تفصیلات نہایت کار آمد ہیں۔ اور یہ بھی بتایئے کہ یائے مجہول کیا ہے؟
ی خالہ : یائے مجہول میری دوسری قسم ہے۔مجہول مفعول ہے۔ جس کے معنی غیر معروف کے ہیں۔ سست، نکما اور آرام طلب کے بھی ہیں۔ اس کی شکل ‘ ے ‘ ہے۔یہ بھی بتاتی چلوں کہ یہ کیسے اور کہاں استعمال کی جاتی ہے۔
(الف) ان اسما و مصادر کے ساتھ آکر جن کے آخر میں الف ہو علامت احالہ ہوتی ہے جیسے گھوڑے کی زین۔ کتے کی جھول۔ آنے کا وقت۔ جانے کا محل، وغیرہ۔
(ب) امر حاضر کے آخر میں آکر صیغہ امر غائب بنا دیتی ہے۔ جیسے، وہ اٹھے، وہ بیٹھے، وغیرہ۔

Singular And Plural

Singular And Plural

(ج) کبھی ان اسما اور افعال واحد ماضی مذکر کے بعد جن کے آخر میں الف ہو آکر جمع اسم و جمع فاعل و مفعول کی علامت بن جاتی ہے۔ جیسے تماشا سے تماشے۔ کوٹھا سے کوٹھے۔ اٹھا سے اُٹھے۔ اٹھایا گیا سے اٹھائے گئے۔
(د) کبھی نون کے ساتھ ان اسمائے مونث کے جن کے آخر میں یائے معروف نہ ہو جمع کے لے آتی ہوں۔ جیسے رسم سے رسمیں۔ بات سے باتیں۔
(ر) کبھی ان اسمائے مذکر کی جمع کے لیے بھی لائی جاتی ہوں، جن کے آخر میں لفظ ‘واں’ ہو جیسے جھانواں سے جھانویں۔ کنواں سے کنویں، وغیرہ۔
میں : بہت اچھے خالہ جان۔ ہم میں سے بعض لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ ‘ے ‘ آپ کے خاوند یعنی ہمارے خالو ہیں (مسکراکر)۔
ی خالا : (میری مسکراہت پر ہنستے ہوئے) تم اردو والے گرافیم(Grapheme) اور فونیم (Phoneme) کی طرف جاتے ہی نہیں۔ مگر رشتے ضرور تلاش لیتے ہو۔ جہاں ماہر لسانیات کا کام ہو وہاں میریج بیورو یا مشاطہ کا کام کرتے ہو۔ ‘ی’ اور ‘ے’ دونوں میری ہی شکلیں ہیں، اور دونوں کا جنس مونث۔(کچھ زور سے ہنستے ہوئے کہنے لگیں، ان کی ہنسی میرے طوطے اور فاختے دونوں اڑا لے گئی)۔ آئو اب بتاتی ہوں کہ یہ حرف ہندی میں کیا فعل انجام دیتے ہیں۔
ہندی الفاظ میں یہ حرف بعض وقت دوسرے الفاظ کے ساتھ مخلوط ہوکر بولاجاتا ہے اور درمیان میں آتا ہے، جیسے بیاہ، پیار، دھیان، وغیرہ۔

میرا سوال : (کچھ سنبھلتے ہوئے) خالہ جان کیا آپ کی کوئی ایسی بھی صورتیں ہیں جو آج مروج یا مستعمل نہیں ہیں اور خارج ہیں؟
ی خالہ : یہ کچھ ہنر کی بات کی تم نے۔لو سنو!
یائے زائد جیسے ؛ جائے، پائے، یہ اب متروک ہے مستعمل سے خارج ہے۔
میرا سوال : کیا ان الفاظ کو پھر سے مروج کیا جاسکتا ہے؟
ی خالہ : تمہاری مرضی، چاہے تو رائج کرلو۔ (طنزیہ طور پر) مگر جو مروج ہے ان کو تو ڈھنگ سے استعمال میں لائو۔
(میں متعجب ہوا، کیا حرف بھی اتنے طنزیہ باتیں کرتے ہیں؟ان حروف پر فخر بھی محسوس ہوا اور تھوڑا رشک بھی۔ پھر ذرا سنبھل کر سوالات جاری رکھا۔)
میرا سوال : اچھا اور خصوصیات کیا ہیں آپ کے؟
‘ی ‘ خالہ : ویسے اہل زبان مجھے استعمال کرکے اسمائے عام کے تذکیر کو تانیث بنا لیتے ہیں۔ جیسے الف نکالو اور ‘ی ‘ لگائو۔ لڑکا سے لڑکی، مکڑا سے مکڑی، بکرا سے بکری وغیرہ۔ مگر یہاں یہ نہیں سمجھنا کہ میں جس اسم عام کے آخر میں رہوں وہ تانیث ہے۔ چند ایسی بھی مثا لیں ہیں جس میں میرے ہونے سے وہ لفظ مذکر ہی ہے نا کہ مونث۔ مثال کے طور پر، ہاتھی، پانی، مذکر تو ہیں مگر ان کے آخر میں ‘ ی ‘ ہوتی ہے۔

میرا سوال : بہت ہی خوب خالہ جان۔ نہایت ممنون ہوں آپ کا۔ آپ سلامت رہیں۔
ی خالہ : سلامت! میری سلامتی کا چھوڑو میں تو رہوں گی ہی۔ مگر یہ دیکھو کہ تمہارے پاس زباندانی سلامت ہے کہ نہیں؟ سمجھے؟
میں : جی، خالہ جان ایسا ہی کروں گا۔ آپ کی اس بات کو ضرور یاد رکھوں گا۔

ی خالہ : جاتے جاتے اُس ‘ ہ ‘ سے بھی ملتے جائو! بے چارہ بیتاب و بے قرار ہے۔ اس کی شکایت ہے کہ تم لوگ اسے ٹھیک پہچان ہی نہیں پائے۔ اور اس کا غلط استعمال کرتے چلے جارہے ہو۔ خاص طور پر حال کے پرنٹ اور ایلکٹرانک میڈیا والے؟
میں : جی بالکل، اگلی بار اُس سے ضرور ملوں گا۔ خدا حافظ۔

Ahmed Nisar

Ahmed Nisar