فیصل آباد….فیصل آباد میں مالکان اور مزدوروں کے مابین تنازعہ شدت اختیار کر گیا ، پاور لومز مزدوروں نے آج ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کردیا،تنازعہ کی وجہ سے پاور لومز فیکٹریوں میں 19 ویں روز بھی کام بند ہے۔
فیصل آباد میں پاور لومز فیکٹریوں میں مشینوں کی صفائی اور بیم اٹھانے کیلئے مزدور تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ الگ عملہ بھرتی کیا جائے مگر مالکان نے مزدوروں کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے اپنی فیکٹریوں کی چابیاں ضلعی انتظامیہ کوپیش کردیں۔فریقین کے اپنے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ بھی تنازعہ کو حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے جس کی وجہ سےسدھار، رشید آباد سمیت جھنگ روڈ کے علاقے میں ہزاروں پاور لومز مسلسل 19 ویں روز بھی بند ہیں۔ دوسری طرف مزدورتنظیم لیبر قومی موومنٹ نے آج ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے ۔ مزدور رہنما بابا لطیف نے کہا کہ مطالبہ کی منظوری تک ڈی سی او آفس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔