ڈھاکا…….ایشیا کپ کرکٹ میں پاکستان نے عرب امارات کو 7وکٹ سے ہرادیا،شعیب ملک اور عمر اکمل نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
امارات کی جانب سے دیئے گئے 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا اور صرف17رنز پر پاکستان کے تین بیٹسمین ،محمد حفیظ11،شرجیل خان 4اور خرم منظور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ چکے تھے تاہم اس موقع پرٹیم کے سینئر بیٹسمین شعیب ملک اور عمراکمل نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور114رنز کی نا قابل شکست شراکت قائم کی۔شعیب ملک63اور عمر اکمل50رنز بنا کر نا قابل شکست رہےاور امارات کی ٹیم کو7وکٹوں سے شکست دے دی۔ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کا یہ 100واں میچ بھی تھا،پاکستان سو میچ مکمل کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جبکہ شعیب ملک ،محمد حفیظ اور شاہد خان آفریدی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہوا ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں نے پاکستان کی جانب سے پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی نمائندگی کی تھی۔عرب امارات کی جانب سے ان کی کپتان امجد جا وید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔شعیب ملک کو63رنز کی عمدہ اننگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔