انتظامیہ اور بے گھر افراد کے درمیان کئی سالوں سے مکانات پر قبضہ اور چھڑانے کا عمل جاری
بارسلونا( ڈاکٹر قمرفاروق)سپین میں جاری معاشی بحران نے جہاں بہت سے معاملات کو تلپٹ کر کے رکھ دیا ہے وہیں اس نے بہت سے لوگوں کے سر سے چھت چھین لی ہے۔اس چھت چھننے کی وجہ بیروزگاری کی وجہ سے بینکوں کو مکانات کی اقساط کی عدم ادائیگی ہے۔بارسلونا میں ہسپانوی معاشرے کے محروم طبقات نے کاتالان دارلحکومت بارسلونا میں ایک عوامی مظاہرہ کیا۔جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ بینکوں کی خالی عمارات اور مکانات کو ایسے لوگوں کے حوالے کیا جائے جو مکان نہ ہونے کے باعث سڑکوں پر رہنے پر مجبور ہیں۔مظاہرین نے یہ مظاہرہ بارسلونا سینٹر میں واقع ایک ایسی بلڈنگ کے سامنے کیا جو سالہا سال سے خالی پڑی ہوئی ہے اور بینک کی ملکیت ہے۔مظاہرے میں کثیر تعداد میں مردو خواتین موجود تھے اور بینکوں کیخلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر مظاہرین نے بلڈنگ کا دروازہ کاٹ کر اس پر قبضہ کرلیا۔اس موقع پر پولیس بھی موجود تھی مگر وہ خاموش تماشائی بنی رہی۔اس سے قبل بھی مظاہرین نے دوبار اس بلڈنگ پر قبضہ کیا جو بعدازاں چھڑوا لیا۔