ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس ) پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور میڈیا کوآرڈی نیٹر سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکھوں کو مکمل اور مثالی مذہبی آزادی حاصل ہے ،کچھ افراد حکومت پاکستان اور سکھ سنگت کے درمیان غلط فمہی پیدا کرنے کے لئے بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ،بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے اور ان کا ساتھ دینے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں، صدیق الفاروق کے دور میں گوردواروں کی تزئین آرائش پر بہت زیادہ کام ہو رہا ہے جس پر سکھ سنگت ان کی مشکور ہے ،پاکستان سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش و خرم واپس جانا ہمارے لئے فخر کی بات ہوتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کی جائے پیدائش ہو نے کی وجہ سے سکھ قوم کے لئے مکے اور مدینے کا درجہ رکھتا ہے ،پاکستان سے محبت ہر سکھ کے خون میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ 1999 سے قبل پاکستان میں موجود گوردواروں کا انتظام بھارتی شرومنی کمیٹی کرتی تھی اور اس دور میں گوردوارے کھنڈرات کا منظر پیش کرتے تھے ،پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے قیام کے بعد پاکستان میں موجود تمام گوردواروں کی تزئین آرائش کی گئی اور اب یہ گوردوارے دیکھنے والوں کو لئے الگ کشش رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود تمام گوردواروں کا انتظام اور یہاں ترقیاتی کاموں کی اجازت پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سے لی جاتی ہے ،متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق تمام گوردواروں کی تزئین وآرائش میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں بالخصوص حالیہ دنوں میں گوردوارہ پنجہ صاحب میں 160 کمروں کی از سر نو تزئین وآرائش سے اس گوردوارے میں رہائش کا مسئلہ بہت حد تک حل ہو گیا ہے ،سردار گوپال سنگھ چاولہ نے کہا کہ سکھ کمیونٹی کے کچھ افراد حکومت پاکستان اور مقامی سکھ سکھ سنگت کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر نے کے لئے آئے روز بے بنیاد پروپیگنڈہ کرتے ہیں جس کا حقیقت سے دور تک کا کوئی تعلق نہیں ہے ،سازشیں کرنے والے اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں ورنہ ایسے تمام افراد کے خلاف قانونی کا روائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔