سرائے عالمگیر (نمائندہ خصوصی )پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں کمی کے باوجود لوکل روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی جس کے باعث عوام میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے اور عوام الناس نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہُ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک منتقل کیا جائے اور پبلک ٹراسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کرائی جائے ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اواگرا نے اس ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی ہے جس پر عمل درآمد بھی شروع ہو گیا ہے لیکن پبلک ٹراسپورٹ کے کرائے ابھی تک جوں کے توں ہیں اور ان میں کوئی کمی نہیں کی گئی ۔سرائے عالمگیر سے منڈی بہاؤلدین جانے والی بسیں سرائے سے منڈی کا کرایہ 90روپے وصول کر رہی ہیں جبکہ ہائی ایس کا کرایہ جہلم سے منڈی تک کا 90روپے لیا جاتا ہے ،بس والے راستہ سے سوار ہونے والے مسافروں سے بھی زائد کرایہ وصول کرتے ہیں ،کھوہار سے منڈی کا کرایہ 80روپے اور پوران سے 70روپے وصول کیا جاتا ہے جبکہ شیڈول کے مطابق کھوہار سے منڈی کا کرایہ 60روپے اور پوران سے 50روپے بنتا ہے اسی طرح دیگر سٹاپس سے سوار ہونے والے مسافروں سے بھی بسوں والے من مرضی کا کرایہ وصول کرتے ہیں جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی لاحق ہے ، ادھر مقامی روٹس پر چلنے والی ٹراسپورٹ کے کرائے میں بھی کوئی کمی نہیں کی گئی ،پوران سے سرائے کا کرایہ 40روپے ،کھوہار سے 30،بھلوال غربی سے 25اور گڑھا جٹاں سے 25روپے ہی وصول کیا جارہا ہے ،سرائے عالمگیر سے براستہ نہر اپر جہلم میرپور جانے والی بسوں اور مقامی گاڑیوں کے کرایوں میں بھی کوئی کمی سامنے نہیں آئی اور ہنوز پرانے کرائے وصول کئے جا رہے ہیں ۔اہل علاقہ سے متعلقہ حکام سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے فوری کم کرائے جائیں اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے