گمبٹ……جگر کے مرض میں مبتلا افراد کیلئے خوش خبری ہے کہ اب انہیں علاج کیلئے بیرون ملک نہیں جانا پڑے گا۔خیرپور میں گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنس میں پاکستان کے پہلے مفت جگر کی پیوند کاری کے شعبے کا افتتاح کردیا گیا ہے۔
گمبٹ انسٹیٹیوٹ میڈیکل سائنس (GIMS ) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی کی کاوشوں اورحکومت سندھ کے تعاون سے دل گردےاور جلنے والے افراد کیلئے مختلف شعبہ جات تیزی سے قائم کیے جارہے ہیں، وہیں گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنس میں جگر کی پیوند کاری کے شعبے کا افتتاح کردیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ، وزیر صحت ڈاکٹر جام مہتاب ڈہر اور چار جرمن ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم بھی موجود تھی۔21بستروں پر مشتمل جگر کی پیوند کاری کے شعبے کو جدید طبی سہولتوں کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے ، جہاں نہ صرف سندھ بلکہ ملک بھر سے جگر کے مریض پاکستانی و جرمن ڈاکٹروں سے بالکل مفت علاج کراسکیں گے،جرمن ڈاکٹرز مستقل طور پردو سال تک پاکستان میں مقیم رہیں گے۔گمبٹ انسٹیٹیوٹ میڈیکل سائنس میں ملک کی جدید ترین آن لائن کمپیوٹرائزڈ لیب بھی تیار کی گئی ہے جو مستقبل میں دور دراز سے مریضوں کے بلڈ سمپل سے لی جانے والی رپورٹ ان کی دہلیز پر آن لائن فراہم کرے گی۔