ایشیاء کپ کے فائنل میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے۔ بھارت نے مقررہ ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 13 اعشاریہ 5 اوورز میں حاصل کر لیا۔
میرپور: (یس اُردو) میرپور کے شیر بنگلہ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایشیاء کپ کے فائنل میچ میں بھارت کی جانب سے شکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا مایوس کن آغاز کیا۔ بھارتی ٹیم کا سکور ابھی پانچ رنز تک پہنچا تھا کہ روہت شرما 5 گیندیں کھیل کر صرف 1 رن بنا کر الامین حسین کی گیند پر سمیا سرکار کے ہاتھوں کیچ ہو کرپویلین لوٹ گئے۔ دھاون نے 1 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 44 گیندیں کھیل کر 60 رنز بنائے اور تسکین احمد کی گیند پر سمیا سرکار کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کولی نے 5 چوکوں کی مدد سے 28 گیندیں کھیل کر 41 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دھونی نے 2 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے 6 گیندیں کھیل کر 20 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل ایشیاء کپ کے فائنل میچ میں بھارتی ٹیم کے کپتان ایم ایس دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا۔ ٹیم کا سکور ابھی 27 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ سومیا سرکار ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ سومیا سرکار نے 14 رنز بنائے۔ اس کے بعد تمیم اقبال بھی زیادہ دیر وکٹ نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد شکیب الحسن اور صابر رحمان نے ٹیم کو سنبھالا اور پراعتماد طریقے سے بیٹنگ کی۔ تاہم 64 رنز پر بنگلا دیش کو شکیب الحسن کی صورت میں تیسرا نقصان اٹھانا پڑا۔ شکیب الحسن نے 21 رنز بنائے۔ میچ کا بارہواں اوور بنگلا دیش کیلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوا۔ جدیجا کے اس اوور میں مشفق الرحیم رن آؤٹ ہوئے جبکہ اس کے فوری بعد مشرفی مرتضیٰ بھی بغیر کوئی سکور بنائے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ صابر رحمان اور محمود اللہ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔ صابر رحمان 32 جبکہ محمود اللہ 33 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 15 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے ایشون، اشیش نہرا، بمرا اور جدیجا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ بارش کے باعث ایشیاء کپ کا فائنل 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔