اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور مظفر آباد سمیت اکثر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی صورتحال جوں کی توں رہے گی۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی رم جھم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
لاہور: (یس اُردو) سرمئی گھاسں، ٹھنڈی ہوائیں، کالے بادل، ہر طرف جل تھل، وقفے وقفے سے برستے بادلوں نے آتی گرمی کو بریکیں لگا دیں۔ جڑواں شہروں میں صبح سویرے بادل برسے تو نظارے بھی دھل گئے۔ موسم خوشگوار ہوا تو شہریوں کے چہرے بھی کھل اٹھے۔ لاہور میں بھی دن بھر اٹھکیلیوں کے بعد بادل سہ پہر کو ایسے برسے کہ جل تھل کر دیا، مغل پورہ، تاج پورہ، شالیمار اور جوہر ٹاؤن میں ژالہ باری بھی ہوئی۔فیصل آباد میں بھی برستے بادلوں نے خوب رنگ جمایا، گوجرانوالہ کو بھی بارش نے خوب نہلایا، وزیر آباد، ڈسکہ، کامونکی، ملتان، میں بھی وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار کر دیا۔ مظفر آباد اور باغ سمیت آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔موسم کا حال بتانے والوں نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید رم جھم کی پیش گوئی کی ہے۔ کراچی، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے متعدد علاقوں میں بھی بادل برسیں گے۔