ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس)گورنمنٹ گورونانک ہائی سکو ل کے ہیڈ ماسٹر نے ٹھیکیدار سے ملی بھگت ، درختوں کے بعد بجلی کی مد میں سکول کو لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگا دیا۔ تفصیلات کے مطابق گورونانک ہا ئی سکول میں حکومت پنجاب کے وزیرا علیٰ میاں شہبا ز شریف کی خصوصی مہربانی سے کروڑوں روپے کی لاگت سے School Of Excellenceکی تعمیر شروع ہوگئی ہے تعمیر سے پہلے ٹھیکیدار اور سکول کے ہیڈ ماسٹر نے ملی بھگت کرکے لاکھوں کے بڑے بڑے شیشم کے درخت بغیر کسی اتھارٹی کی اجازت اور اشتہار دیے بغیر کاٹ کر اپنے اپنے حصے کے سینکڑوں قیمتی درخت فروخت کردیے اس کرپشن کو کئی بار قومی اخبارات میں بھی شائع کیا گیا مگر آج تک کسی اعلیٰ اتھارٹی نے توجہ تک نہ دی درختوں کے بعد ٹھیکیدار اور سکول کے ہیڈ ماسٹر نے تقریباً پانچ ماہ سے سکول انتظامیہ سے مک مکا کرکے سکول کی بجلی بھی استعمال کررکھی ہے جو کہ قانوناً غیر قانونی کام ہے ضلعی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ہیڈ ماسٹر کے خلاف بجلی چوری کروانے پر ایکشن لے اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی عمل میں لائے یاد رہے کہ ٹھیکیدار کی اس غیر قانونی طریقہ سے بجلی حاصل کرنے کے بارے میں ایکسئین واپڈا کو بھی مطلع کیا گیا تھا لیکن آج تک ٹھیکیدار نے اپنا کمرشل میٹر اپلائی تک نہیں کیا ۔