کھاریاں(تحصیل رپورٹر) تحصیل کھاریاں کے تھانوں کے متعلق عوامی شکایات کو حل کرنے کیلئے سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی گجرات نے تھانہ کی سطح پر کنوینئر نامزد کر دئیے۔ ڈی پی او گجرات آج دن گیارہ بجے سی پی ایل سی آفس پولیس لائنز گجرات میں نامزد کنوینئرز کو نوٹیفکیشن دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کی سہولت اور آؤٹ آف کورٹ مقدمات نپٹانے کیلئے گذشتہ روز سی پی ایل سی کے چیئرمین اختر علی چوہدری نے تھانہ سطح پر سی پی ایل سی کے ممبران کو کنوینئر مقرر کرنے کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ۔ نامزد کنوینئرز کو آج 14مارچ کو سی پی ایل سی آفس پولیس لائنز گجرات میں ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق نوٹیفکیشن دیں گے۔ نامزد کنوینئرز میں تھانہ کھاریاں کینٹ اور تھانہ صدر کیلئے راجہ منیر احمد ، تھانہ ڈنگہ کے الحاج محمد صادق بٹ، تھانہ گلیانہ کے ڈاکٹر محمد عباس، تھانہ ککرالی کے چوہدری شبیر احمد ککرالی، تھانہ لالہ موسیٰ سٹی و صدر کے چوہدری محمد اشرف گاکھڑی، تھانہ رحمانیہ کے چوہدری مظہر اقبال اور تھانہ سول لائنز ،صدر گجرات کے اورنگزیب بٹ، جبکہ سٹی سرکل گجرات کے لئے محمد عنصر قذافی کو تھانہ بی ڈویژن ، اے ڈویژن، لاری اڈہ کا کنوینئر نامزد کیا گیا۔ نامزد کنوینئرز متعلقہ تھانوں کی عوامی شکایات کے حل کیلئے سی پی ایل سی کے ممبران کے ہمراہ مظلوم لوگوں کی دادرسی کیلئے قانونی معاونت کریں گے۔