کھاریاں(نیئر صدیقی سے)عالمی تنظیم اہلسنّت کے رہنما قاضی توقیر حسین چشتی، جلالیہ ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر حافظ لیاقت علی جلالی، حضرت سلطان باہوؒ ٹرسٹ کے مرکزی رہنما میاں غالب حسین اور دیگر رہنماؤں نے ضلعی حکومت کی جانب سے معروف علماء علامہ خادم حسین رضوی اور علامہ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کے ضلع گجرات کی حدود میں داخلے پر پابندی اور زبان بندی کی پرزور مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دین دشمنی میں سیکولرازم کی تمام حدیں عبور کر رہی ہے۔ تحفظ ناموس رسالت کے قانون سے چھیڑ چھاڑ اور حقوق نسواں کے نام پر بے حیائی کو فروغ دینے کی کوششیں حکومت کو بہت مہنگی پڑیں گی۔ہمارے آباؤ اجداد نے لاتعداد قربانیوں کے بعد پاکستان اس لئے نہیں بنایا تھا کہ اس میں لادینیت کا راج ہو بلکہ مملکت خداداد میں مکمل اسلامی نظام کا نفاذ تحریک پاکستان کا مقصد تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور مسلمان ، یہودوہنود کے بُنے ہوئے جال میں اپنے دیس کو کبھی پھنسنے نہیں دیں گے۔