سرائے عالمگیر (نمائندہ خصوصی)ممتاز کاروباری، سماجی اور سیاسی شخصیت، پاکستان تحریک انصاف کے نظریاتی رہنما اور سابق امیدوار وائس چیرمین یوسی معصوم پو ر،چوہدری نعیم فضل اورانگلیڈ میں مقیم ممتاز پاکستانی نثرا د اور ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت ،عمران خان کے جانثار چوہدری شوکت حسین آف ڈاک تہال نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کے کرپٹ سیاسی سسٹم میں روشن سیاسی مستقبل کی کرن ہے اور نہایت مختصر عرصہ میں ہی جس طرح قائد تحریک عمران خان نے عوام کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے بہت جلد قوم کو مفا د پرست سیاسی نظام سے نجات ملے گی اور ملک میں عدل و انصاف ،مساوات اور عوامی خدمت کی سیاست کو رواج ملے گا ،اپنے ایک بیان میں چوہدری شوکت نے کہا کہ بدقسمتی سے تشکیل پاکستان کے بعد جو بھی لوگ سیاسی منظر پر آئے انہوں نے گروہی اور مفاداتی سیاست کو اپنایا اور عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے والے سیاست دانوں نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کی طرف توجہ نہ دی جس کی وجہ سے 69سال گرزنے کے بعد بھی ہم ترقی یافتہ اقوام کی صف سے باہر کھڑے ہیں اور آج بھی ہمارے ملک میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ،بے روزگاری ،مہنگائی ،کرپشن اور اقرباپروری کی لعنت عام ہے اور لاکھوں انسانوں کو دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے سیاستدانوں کی نیت ٹھیک ہوتی تو ہمارے ملک میں وسائل کی کوئی کمی نہیں تھی لیکن ڈنگ ٹپاؤ سیاسی کلچر نے ہمیں بھکاری بنا دیا ہے ۔شوکت حسین نے کہا کہ عمران خان ہی ایک ایسی سیاسی شخصیت ہیں جنہوں نے عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لئے آواز احتجاج بلند کرنے کا عزم دیا ہے اور انشاہ اللہ بہت جلد باشعور عوام ملک کا سیاسی منظر نامہ تبدیل کر دے گی