ایف سی اہلکاروں نے شرپسندوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائی کی ، مرنے والے ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، اغوا کی وارداتوں میں ملوث تھے
کوہلو (یس اُردو) ایف سی نے کوہلو میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو اہم کمانڈرز سمیت 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔ کارروائی کالعدم بلوچ مسلح تنظیم کے کمانڈر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے کی گئی ۔ ترجمان ایف سی کے مطابق بلوچستان کے علاقے کوہلو میں ایف سی نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں کی موجودگی پر کارروائی کی ۔ کارروائی کے دوران شرپسندوں کی جانب سے فائرنگ ہوئی جوابی فائرنگ میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے اہم کمانڈر جامیر اور بلوچ خان سمیت 12 شرپسند ہلاک ہو گئے ۔ ہلاک شرپسند ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان اور دیگر واقعات میں ملوث تھے ۔ ترجمان ایف سی کے مطابق آپریشن بی ایل اے کے سرغنہ فاضلی کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے کیا گیا ۔ دوسری جانب صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے کالعدم تنظیموں کے شر پسندوں کی فہرست جاری کرنے کے بعد صوبے بھر میں مسلح تنظیموں کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی آئی ہے ان کارروائیوں میں اب تک بی ایل اے کا اسلم اچھو جبکہ بی ایل ایف کا ڈاکٹر عبدالمنان مارا جا چکا ہے جن کی سر کی قیمت 10،10 لاکھ روپے مقرر تھی ۔