برمنگھم (ایس ایم عرفان طاہر سے) آزاد کشمیر میں بین الاقوامی اسلامک یو نیورسٹی کا قیام ضروری ہے ، خطے میں اسلامی اقدار اور روایات کے پیش نظر ایک مو ئثر اسلامی ادارے کی کمی محسوس کی جا رہی ہے ، ان خیالات کا اظہا ر معروف برطانوی مذہبی و سماجی شخصیت مولانا محمد بوستان قادری ، صدر انٹرنیشنل صوفی سکالرز فورم پیرذادہ ڈاکٹر مسعود احمد رضا شامی ، نائب حسین مغل ، صاحبزادہ فاروق احمد قادری، علامہ مسعود الرحمن مجددی ، ڈ اکٹر محمد قیصر چشتی، علامہ حنیف رضا نقشبندی نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ دور جدید کے تقاضو ں اور اسلامی تعلیمات کی تبلیغ و ترویج اور آبیا ری کے لیے ایسے ادارے کا ہونا بیس کیمپ میں نا گزیر ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر چو ہدری عبد المجید نے چو ہدری افسر شاہد وزیر اوقاف و مذہبی امورآزادکشمیر اور ڈاکٹر حبیب الرحمن وائس چا نسلر مسٹ یونیورسٹی آزادکشمیر کی موجود گی میں بین الاقوامی اسلامک یو نیورسٹی کے قیام کے حوالہ سے دلچسپی کا اظہا ر کیا تھا اس موقع پر وزیر اعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ میری دیرینہ خواہش ہے کہ آزادکشمیر میں بھی الا زہر یونیورسٹی کے معیار کے مطابق بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا ئے جس سے تعلیم دین کی طلب رکھنے والے طا لبعلموں کی علمی و قلبی پیاس بجھائی جا سکے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر علم دوستی اور اپنی خواہشات کو عملی جامہ پہنا تے ہو ئے اپنے دور حکومت میں بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی کا جلد از جلد قیام کا اعلان کریں اس موقع پر پیرذادہ ڈاکٹر مسعود احمد رضا شامی نے انٹرنیشنل صوفی سکالرز فورم کی طرف سے ہر ممکنہ تعاون کی یقین دہانی کراتے ہو ئے حالیہ سیاسی رہنما زاہد مغل کو وزیر اعظم آزادکشمیر کا مشیر بننے پر دلی مبارکباد بھی پیش کی ہے۔