شہداء بڈھ بیر اور غازیوں کو اعلیٰ فوجی اعزازات سے نواز دیا گیا۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان کہتے ہیں کہ بزدل دشمن نے چھپ کر وار کیا۔ جوانوں نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔
اسلام آباد: (یس اُردو) شہر اقتدار میں شہدائے بڈھ بیر اور غازیوں کے اعزاز میں تقریب ہوئی، جس میں دلیر شہداء اور غازیوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے جوانوں کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ملک کے ایک ایک انچ کے دفاع کا عزم کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل نے کہا کہ بڈھ بیر میں بزدل دشمن نے چھپ کر وار کیا لیکن جوانوں نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے اسے نیست و نابود کر دیا۔ایئر چیف کا کہنا تھا کہ شہداء کے لواحقین کو کبھی تنہاء نہیں چھوڑیں گے۔ ان کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لواحقین کیلئے فنڈ قائم کر دیا گیا ہے۔