ایران کے صدر حسن روحانی 2 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر ایرانی صدر کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کی آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اسلام آباد: (یس اُردو) برادر اسلامی ملک ایران کے صدر حسن روحانی 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر برادر اسلامی ملک کے سربراہ کا استقبال کیا ۔ معزز مہمان کی آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی ، وفاقی وزیر زاہد حامد بھی ایرانی صدر کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران گیس پائپ لائن منصوبہ پاک ایران تعلقات سمیت علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کیساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ایران سے اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ خوش آئند ہے بعدازاں پاک ایران وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ ایرانی صدر حسن روحانی صدر مملکت ممنون حسین سے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے صدر حسن روحانی وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر دورہ پاکستان پر ہیں۔