دھرنے کے باعث شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا ، شہر میں موبائل اور میٹرو بس سروس بند ہونےسے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا
اسلام آباد (یس اُردو) اسلام آباد میں مذہبی جماعتوں کے دھرنے کے دوران حکومت کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے ، پولیس ، رینجرز اور ایف سی کے تازہ دم دستے طلب کر لئے گئے ہیں اور کسی بھی وقت مظاہرین کیخلاف آپریشن کا آغاز کیا جا سکتا ہے ۔ تینوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ، حکومت نے مظاہرین کو آج دوپہر بارہ بجے تک کا وقت دیا تھا کہ وہ اپنا دھرنا ختم کر کے واپس چلے جائیں اس ضمن میں ان کے ساتھ مذاکرات کی کوشش بھی کی گئی مگر وہ کامیاب نہ ہوسکیں ۔ اس کے بعد کسی بھی سنگین اور ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور ایف سی کے تازہ دم دستے طلب کر لئے گئے ہیں ۔ شہر میں میٹرو اور موبائل سروس معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے ، ایس پی رضوان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہوگی کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے کسی قسم کا تشدد نہ کرنا پڑے ، ان کا کہنا ہے کہ مظاہرین کیخلاف آپریشن پوری طاقت سے ہوگا اور ان کو فوری طور پر جگہ خالی کرنا ہوگی ، جو مظاہرین مزاحمت کا مظاہرہ کریں گے ان کو حراست میں لے کر پولیس وین میں ڈالا جائے گا اور پھر ان کیخلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی ۔