counter easy hit

ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے صنعتی ادارے حکومت کے مقررہ کردہ حفاظتی طریقہ کار پر عمل کریں

Follow the protective

Follow the protective

گجرات(انور شیخ سے )( ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے صنعتی ادارے حکومت کے مقررہ کردہ حفاظتی طریقہ کار پر عمل کریں، مستقبل میں نئے بھٹہ خشت آبادیو ں سے دور بنائے جائیں، جون سے گوشت کی تمام اوپن دوکانیں ختم کر دی جائیں گی، شہریو ں میں ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے کے لئے آگاہی مہم چلائی جائے گی اس کے بعد ماحول کو آلودہ کرنیکا باعث بننے والوں کے خلاف کاروائی ہوگی ،یہ فیصلے ضلعی تحفظ ماحولیات کمیٹی کے اجلاس میں کئے گئے جس کی صدارت ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کی ، ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے و اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا، ڈی او سی احمد رضا، ڈی او ماحولیات ،، صدر مرکزی انجمن تاجراں جاوید بٹ، یونیورسٹی آف گجرات کے پروفیسر سلیمان، چیمبر آف کامرس کے نمائندہ احمد حسن مٹو، پاٹری ایسویسی ایشن کے محمد آفتاب، فلور ملز ایسویسی ایشن کے مبشر احمد، ڈاکٹر صغیر، بھٹہ خشت ایسویسی ایشن کے صدر سید شبیر حسین کاظمی اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ گجرات میں روزانہ 240ٹن سالڈ ویسٹ پیدا ہوتا ہے جسے ٹھکانے لگانے کے لئے جدید مشینری فراہم کرکے ٹی ایم اے کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے ، اسی طرح گجرات ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کے لئے سمری منظوری کے لئے حکومت کو بھجوائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوبصورت گجرات پروگرام کے تحت چیمبر آف کامرس نے جی ٹی روڈ کے اطراف بڑی تعداد میں پودے لگائے جو شہریوں کے لئے بہت بڑا تحفہ ہے، صنعتی برادری شہر کے ماحول کو آلودگی سے بچانے کے لئے صنعتی فضلہ کو مقررہ طریقے سے ٹھکانے لگانا نہایت اہم ہے، خصوصا پاٹر ی انڈسٹری، ماربل انڈسٹری اور دیگر فیکٹریاں ایسا طریقہ کار اختیار کریں کہ صنعتی فضلہ جات کو سیوریج کے پانی میں بہانے کی بجائے ری سائیکل کر لیا جائے اسی طرح ہسپتال بھی اپنے فضلہ جات کو ٹھکانے لگانے کا محفوظ انتظام کریں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں جلد نئی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کی جائے گی جبکہ آئندہ شہری علاقوں میں ماربل فیکٹری لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ نئے بھٹہ خشت آبادی سے کم از کم 600میٹر دور بنائے جائیں، چمنی کا سائز مناسب اونچائی پر ہونا چاہیے، لوہے کی چمنی والا بھٹہ خشت سیل کر دیا جائے گا اسی طرح وہاں کام کرنیوالے مزدور بھی مناسب حفاظتی لباس استعمال کریں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقو ں میں 25سے زائد ماڈل میٹ، بیف اور چکن شاپس قائم ہو چکی ہیں اس کاروبار سے وابستہ افراد جون تک ماڈل طریقہ کار پر منتقل ہو جائیں جون کے بعد کسی کو گوشت کی اوپن دوکان چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم علاقہ علی پورہ میں سیوریج اور ریلوے لائنوں کے ساتھ سیوریج سسٹم بہتر بنانے اور ڈسپوزل کی سکیم منظور ہو چکی ہے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے صفائی کا شعور اجاگر کرنے کے لئے یونیورسٹی آف گجرات کے اساتذہ و طلبہ کی کاوشوں کو سراہا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسٹرکٹ تحفظ ماحولیات کمیٹی میں مزید ایسے افراد اور کاروبار ی تنظیموں کے افراد کو شامل کیا جائے گا جو کسی نہ کسی حوالے سے اس سے وابستہ ہوں۔