گجرات(انور شیخ) ضلع کی تاریخ میں پہلی بار تمام پٹوار سرکلز کی گرداوری کاشتکاروں اور عوام کی آگاہی کے لئے 2اپریل کو متعلقہ یونین کونسلوں اور محکمہ خوراک کے مراکز خریداری گندم میں آویزاں کر دی جائیں گی، اس سلسلے میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز،ریونیو آفیسرز اور پٹواریوں کو واضع ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ گرداوری ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی اہم ذمہ داری ہے جس کا مقصد زرعی اراضی پر کاشتکاری کرنیوالوں خواہ وہ مالکان اراضی ہوں یا ٹھیکہ پر کاشتکاری کر رہے ہیں کا ریکارڈ وضع کرنا ہے۔ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ ماضی میں گرداوری کے حوالے سے بعض شکایات سامنے آئی ہیں تاہم رواں سال اس عمل کو شفاف بنانے کے لئے گرداوری کی فہرستیں متعلقہ یونین کونسلوں میں آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکار آویزاں کی گئی لسٹوں پر اعتراضات بھی عائد کر سکیں گے جن کا جائزہ لے کر انہیں دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ا نہوں نے کہا کہ گرداوری کی درست فہرستوں کی تیاری کاشتکاروں کو حکومت کی طرف سے دی جانیوالی سہولیات اور باردانہ کا اجراء اور دیگر مراعات کی فراہمی میں آسانی ہو سکے گی