مصطفیٰ کمال کی ریلی پر مشتعل افراد کی جانب سے پتھراؤ اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے پر پولیس نے ایم کیو ایم زونل آفس پر چھاپہ مار کر دس افراد کو گرفتار کر لیا۔ ایم کیو ایم نے پارٹی کے میر پور خاص زون کے انچارج کے دو بیٹوں کو حراست میں لیے جانے کا دعوٰی کیا ہے۔
میر پور خاص: (یس اُردو) میر پور خاص کا محاذ گرم لیکن کشیدگی کم نہ ہو سکی۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو پاک سر زمین پارٹی کی ریلی پر پتھراؤ مہنگا پڑ گیا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس کے مطابق ایم کیو ایم ذونل کمیٹی کے سینئر ممبر عبدالغفور بروہی اور شاہد عباسی سمیت 10 کارکنوں حراست میں لے لیا گیا۔ ادھر ایم کیو ایم نے دعوٰی کیا ہے کہ پولیس نے میر پور خاص زون کے انچارج مجیب الحق کے گھر پر چھاپہ مارا اور عدم موجودگی پر ان کے دو بیٹوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتاریوں کے بعد ایم کیو ایم کے کارکن زونل آفس کے باہر جمع ہو گئے اور گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیا۔