سندھ کے وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ بھٹو کی برسی کے جلسے میں کمپیوٹر کی گنتی سے بھی زیادہ لوگ آئیں گے، بلاول بھٹو کی توقع بھی یہی ہے، ہم اس بار جلسے کو اتنا تاریخی بنا دیں گے کہ دو ہزار سولہ کو لوگ یاد رکھیں گے، ہمارا کسی سے لگاؤ یا اختلاف نہیں۔
سکھر: (یس اُردو) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر منعقد پیپلز پارٹی سکھر ڈویژن اور اس کی ذیلی تنظیموں کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سابق صدر زرداری کے لئے لوگ کچھ بھی کہیں مگر آج ملک میں جو جمہوریت ہے اس کا سہرا آصف زرداری کے سر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹومیں کوئی فرق نہیں ہے، آصف زرداری کی طبیعت نہیں سنبھلی، ان سے ویڈیو لنک پر رابطہ ہے جس پر ان سے مشاورت کرتے رہتے ہیں، گڑھی خدا بخش کے جلسے سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے وفد کے ساتھ ملاقات طے نہ تھی تاہم میں نے ملاقات میں ان سے کہہ دیا ہے کہ میر پور خاص واقعہ پر جو کچھ ہو گا قانون کے مطابق ہو گا۔ سید قائم علی شاہ نے میر پور خاص واقعہ میں میں کچھ لوگ پکڑے جانے کی تصدیق بھی کر دی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہمیں کسی سے لگاؤ یا اختلاف نہیں۔ گرینڈ الائنس کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گرینڈ الائںس وہی اتحاد ہے جو انیس سو اسی اور دو ہزار تیرہ میں بھی بنا تھا، ان سے کہتا ہوں کہ آنکھیں کھلی رکھیں اور دیکھیں کہ دنیا میں کیا کچھ ہو رہا ہے۔