تاجدارِ حرم جیسی متعدد معروف قوالیوں سے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دینے والے معروف قوال غلام فرید صابری کو دنیا سے گزرے آج 22 برس بیت گئے۔
کراچی: (یس اُردو) غلام فرید صابری 1930 کو ہندوستان کے صوبے مشرقی پنجاب میں پیدا ہوئے۔ غلام فرید صابری نے 1946 میں پہلی مرتبہ مبارک شاہ کے عرس پر ہزاروں لوگوں کے سامنے قوالی گائی۔ ان کا پہلا البم 1958 میں ریلیز ہوا۔ جس کی قوالی میرا کوئی نہیں تیرے سوا نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ انہوں نے بھر دو جھولی میری یا محمد جیسی قوالی گا کر دنیا بھر میں اپنے فن کا لوہا منوایا۔ ان کی متعدد قوالیوں کو فلموں میں بھی استعمال کیا گیا جن میں محبت کرنے والوں اور آفتاب رسالت بہت مقبول ہوئیں۔ اردو کے علاوہ پنجابی، سرائیکی اور سندھی زبان میں بھی انہوں نے قوالیاں گائیں۔ پانچ اپریل 1994 کو کراچی میں غلام فرید صابری کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔