انتخابی اصلاحات کمیٹی کا پاناما لیکس انکشافات پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کے بیان پر اظہار ناراضی، کمیٹی نے پاناما لیکس کے معاملے پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کے بیان پر وضاحت طلب کر لی، الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے نئے طریقہ کار کی سفارش بھی کر دی۔
اسلام آباد: (یس اُردو) رکن قومی اسمبلی نوید قمر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کمیٹی ارکان نے پاناما لیکس انکشافات پر سیکرٹری الیکشن کمیشن کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر اظہار برہمی کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔ نوید قمر کا کہنا تھا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے میڈیا میں بیان دیا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کی ہدایت کے بغیر پانامہ لیکس پر کارروائی نہیں کر سکتے حالانکہ انتخابی اصلاحات کمیٹی کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں، اگر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ایسی بات نہیں کی تو وضاحت کریں۔ کمیٹی نے حکومت کو نئے طریقہ کار کے تحت الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کی سفارش کر دی۔ کمیٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ارکان کی تقرری کے معاملے کو مجوزہ آئینی مسودے سے الگ کر دیا جائے۔ نوید قمر کا کہنا تھا کہ حکومت کو الیکشن کمیشن کے ارکان کی تقرری کے لئے جون سے قبل آئینی ترمیم لانے کا کہا ہے، موجودہ طریقہ کار کے تحت صرف ریٹائرڈ جج ہی الیکشن کمیشن کا رکن بن سکتا ہے۔