کھاریاں(نیئر صدیقی سے) وارڈ نمبر3کے ضمنی انتخاب، تحریک انصاف نے ایک بار پھر میدان مار لیا۔ حکومتی پارٹی کو 16ووٹ سے شکست۔ وارڈ نمبر3کے کل 1572ووٹوں میں سے 874ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری سلطان احمد چھپر431ووٹ لیکرکامیاب ہو گئے جبکہ ن لیگ کے چوہدری راشد محمود نے 415ووٹ حاصل کئے۔ مردوں کے پولنگ بوتھ میں سے تحریک انصاف نے 241جبکہ ن لیگ نے 221ووٹ حاصل کئے ۔ خواتین کے بوتھ سے پی ٹی آئی نے 190اور ن لیگ نے194ووٹ حاصل کئے۔ نتائج کا اعلان ہوتے ہی چوہدری ناصر احمد چھپر کی قیادت میں گورنمنٹ ہائی سکول سے پی ٹی آئی کے جیالوں کی بہت بڑی ریلی نکالی گئی جس میں پی ٹی آئی کے رہنما راجہ نعیم نواز، چوہدری اسفند اصغر، چوہدری ثاقب بشیر ، چوہدری فرخ مجید کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کارکنان ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے مین بازار اور جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے چھپر ہاؤس پہنچے۔ واضح رہے کہ مذکورہ سیٹ پی ٹی آئی ہی کے کونسلر عرفان احمد چھپر کی دہری شہریت کی وجہ سے نا اہلی کے باعث خالی ہوئی تھی اور گذشتہ الیکشن میں اس وارڈ میں 790ووٹ کاسٹ ہوئے تھے ۔ یعنی اس بار ووٹ کاسٹ ہونے کی شرح خلاف توقع بلدیاتی الیکشن کی نسبت زیادہ رہی۔