گو گو کے نعرے بلند ، وزیر اعظم کے بیٹوں نے اثاثے چھپائے نہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا :وزیر اطلاعات و نشریات کا قومی اسمبلی میں خطاب
اسلام آباد (یس اُردو) پاناما لیکس پر اقتدار کے ایوانوں میں ہنگامہ بدستور جاری ہے ، وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید اپوزیشن پر برس پڑے ۔ کہتے ہیں تحریک انصاف درختوں اور چوہوں کے پیسے بھی کھا گئی ہے ، پی ٹی آئی ارکان نعرے بازی کرتے رہے ۔ پاناما لیکس پر قومی اسمبلی میں شور شرابا ، ہنگامہ آرائی گوگو کے نعرے لگ گئے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگوں نے ایسی تقریریں کیں جیسے وہ گنگا اور جمنا میں نہا کر آئے ہوں ۔ وزیر اعظم کے بیٹوں نے اثاثے چھپانے کی کوشش نہیں کی ، نہ ہی ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ۔ پرویز رشید نے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ، اس خطاب کے دوران مسلسل ہنگامہ آرائی پر سپیکر اپوزیشن ارکان کو خاموش کرانے کیلئے سمجھاتے اور خبردار بھی کرتے رہے ، مگر بات نہ بنی ۔