ہانگ کانگ کے ایک ڈیزائنر نے ہالی ووڈ اداکارہ سکارلٹ جانسن کی شکل کا روبوٹ بنا ڈالا ۔
ہانگ کانگ (یس اُردو) بیالیس سالہ موجد رِکی ما نے غیر ملکی اخبار کو بتایا کہ یہ روبوٹ تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے انسانی ڈھانچہ بنا کر اور اس میں ہاتھ سے الیکٹرک وائرنگ کر کے بنایا ہے ۔ سکارلٹ جانسن سے مشابہت رکھنے والا یہ روبوٹ پچاس ہزار ڈالر سے زائد کی مالیت کا ہے ۔ رکی ما نے بتایا کہ روبوٹ بنانا انکا خواب تھا اور ایک دن اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کا فیصلہ کیا۔اس روبوٹ کے بننے میں انکا ڈیڑھ سال سے زائد کا وقت صرف ہوا ہے جس کے لیے صرف وقت نہیں بلکہ پروگرامنگ جیسے شعبے میں مہارت بھی درکار تھی۔ روبوٹ جس کا نام رکی ما نے مارک 1 رکھا ہے زبانی حکم دینے اور چہرے کے تاثر عیاں کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ رکی ما کا کہنا تھا کہ وہ یہ روبوٹ ایسے سرمایہ کار کو فروخت کریں گے جو مستقبل میں دیگر پراجیکٹس کیلئے مالی معاونت کریگا۔