لالہ موسیٰ(جمیل احمدطاہر)پاکستان تحریک انصاف کے ممتازراہنماء وسابق ضلع نائب ناظم سیدنورالحسن شاہ نے ایک بیان میں کہاہے کہ وارڈ نمبر3کھاریاں کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی دوبارہ کامیابی نے ثابت کردیاکہ عوام پی ٹی آئی کے قائدعمران خان کو اپنانجات دہندہ سمجھتے ہیں، آنے والا دور بھی پی ٹی آئی کا ہی ہے اگلے قومی انتخابات میں پاکستان بھر بالخصوص ضلع گجرات کے عوام پی ٹی آئی ہی کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں گے،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غیر مناسب حرکتوں کی وجہ سے آج اس ملک کا ہر شہری پوری دنیا میں بدنام ہوا ہے ۔جس کے ذمہ دار دھاندلی زدہ حکمران ہیں جن کو گھر بھیجنے کے لیے اس بار ہم نے سڑکوں کا رخ کیا تو پوری قوم ہمارے ساتھ ہوگی یہ ہی وجہ ہے کہ حکومت اس وقت سخت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اورتحریک انصاف سے ہر طرح کا جمہوری حق چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے جسے ناکام بنانے کے لیے قوم نے کمر کس لی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے درباری اس وقت جوشیلے انداز میں شریف خاندان کے لیے بیانات پر بیانات دے رہیں ہیں مگر قوم ان لوگوں کے منہ سے سارا سچ سننا چاہتی ہے جنھوں نے قومی دولت سے اپنے زاتی کاروبار کووسعت دی اور کالے دھن کو سفید کیا۔