مشقیں دو ہفتے جاری رہیں گی ، دونوں ملکوں کی جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گ
اسلام آباد (یس اُردو) پاک چین فضائیہ کی مشترکہ فضائی مشقیں شاہین پانچ شروع ہو گئیں ، ترجمان فضائیہ کا کہنا ہے کہ مشقوں سے جنگی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی ۔ پاکستان اور چین کی فضائیہ کی مشترکہ فضائی مشقیں شاہین پانچ پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل ائر بیس پر شروع ہو گئی ہیں ۔ فضائی مشقیں دو ہفتہ سے زائد عرصہ جاری رہیں گی ۔ مشقوں میں چینی فضائیہ کے جنگی پائیلٹ ، ائیر ڈیفنس کنٹرولر اور فنی عملہ مشقوں میں شریک ہے ۔ ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین میں چھ عشروں سے قریبی اور دوستانہ تعلقات موجود ہیں اور فوجی مشقوں سے دونوں ممالک کے قریبی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ جنگی مشقوں کو پیشہ وارانہ تربیت کے حوالہ سے اہمیت دیتی ہے ۔ مشقیں شاہین چار چین میں ہوئی تھیں جس میں پاک فضائیہ کے دستے نے شرکت کی تھی ۔