فرارا ہونے والا آکٹوپس طویل سفر طے کرتا ہوا بحرالاکاہل پہنچ کر اپنی آزادی کی خوشیاں منا رہا ہے
آکلینڈ (یس اُردو) نیوزی لینڈ میں ایک آکٹوپس مچھلی گھر سے راہ فرار اختیار کرنے کے بعد لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اور لوگ اس کے حیرت انگیز کارنامے پر تبصرہ کر رہے ہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے مچھلی گھر میں کئی سالوں سے موجود آکٹو پس اچانک فرار ہوگیا اور طویل سفر طے کرتا ہوا بحرالاکاہل میں پہنچ کر اپنی آزادی کی خوشیاں منا رہا ہے ۔”انکی” نامی آکٹوپس نے فرار کے لیے ساحلی شہر ناپیر کے نیشنل ایکوئریم کے ایک 15 سینٹی میٹر نکاسی پائپ کے تنگ سے سوراخ کا انتخاب کیا اور بڑی چالاکی سے وہاں سے نکل کر سمندر کی طرف نکل پڑا ۔اس واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے مچھلی گھر کے منتظم کا کہنا تھا کہ ٹینک کا ڈھکن اس وقت تھوڑا سا کھلا رہ گیا جب مرمت کا کام جاری تھا ، تاہم آکٹوپس اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سمندر کی طرف نکل پڑا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آکٹوپس کا سائز تقریباً ایک رگبی بال جتنا ہے اور اس کا بدن خاصا نرم ہے جس کی وجہ سے وہ مشکل ترین اور تنگ جگہوں میں سے نکل سکتا ہے ۔تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ مچھلی گھر میں دو آکٹوپس تھے جن میں سے ایک فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ دوسرا ایسا نہ کر سکا ۔