عدالت نے 8 مقدمات کے چالان پیش نہ کرنے اور فاروق ستار سمیت دیگر ملزموں کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا
کراچی (یس اُردو) انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور دیگر کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، فاروق ستار اور دیگر ملزموں کی عدم پیشی پر عدالت برہم ، پہلے ایک پر پابندی لگی ، اب سب پر لگے گی تو بہت شور ہو گا ۔اشتعال انگیز تقاریر میں سہولت فراہم کرنے کے مقدمے کی سماعت کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی ۔ ایم کیو ایم کے قائد سمیت دیگر رہنماوں پر اشتعال انگیز تقریروں کے معاملے پر 22 مقدمات درج ہیں ۔ ایم کیو ایم کے وسیم اختر ، خواجہ اظہار الحسن اور روف صدیقی عدالت میں پیش ہوئے ۔عدالت نے 8 مقدمات کے چالان پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسران پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انہیں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دئیے ، عدالت نے ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر ملزموں کے پیش نہ ہونے پر بھی برہمی کا اظہار کیا ۔ عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنماوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ساتھیوں سے کہیں کہ وہ رضا کارانہ طور پر پیش ہو جائیں ورنہ ہم ان کے ٹی وی پر آنے پر بھی پابندی لگا دیں گے ۔ پہلے ایک پر پابندی لگی، اب سب پر لگے گی تو بہت شور ہو گا ، ہم پیمرا کو خط لکھیں گے کہ مفرور کو ٹی وی پر آنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔عدالت نے تفتیشی افسر کو بھی حکم دیا کہ ملزموں کو گرفتار کر کے 7 مئی تک پیش کریں ۔ عدالت نے وسیم اختر، خواجہ اظہار الحسن، روف صدیقی اور قمر منصور عبوری ضمانت میں 7 مئی تک توسیع کر دی جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، فاروق ستار ، حیدر عباس رضوی ، رشید گوڈیل، نسرین جلیل اور دیگر کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے