کراچی میں انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، علی رضا پر انٹیروگیشن رپورٹس سیاسی جماعت کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔
کراچی: (یس اُردو) سی ٹی ڈی انٹیلیجنس ونگ کے ماتحت کام کرنے والے انچارج علی رضا کے خلاف ان کے اپنے ڈیپارٹمنٹ نے ہی انکوائری کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کا فیصلہ سیاسی جماعت کے اہم کارکن عمیر صدیقی سے تفتیش کی روشنی میں کیا گیا۔ علی رضا کے خلاف انکوائری کی منظوری اعلیٰ افسران نے بھی دے دی ہے۔ انچارج سی ٹی ڈی علی رضا پر ملزمان کی انٹیروگیشن رپورٹس سیاسی جماعت کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس افسر علی رضا کے خلاف ملزم کے انکشافات سچ ثابت ہوئے تو کارروائی کی جائے گی۔ سی ٹی ڈی کے اعلیٰ افسران انکوائری مکمل کر کے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کو رپورٹ پیش کریں گے۔