سکیورٹی فورسز نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے پمفلٹ پھینکے ، یرغمالیوں کو رہا کرنے کا حکم ، داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیاں قائم کر دی گئیں چھوٹو گینگ فرار ہوکر جنگل میںجا چھپا
کچا جمال (یس اُردو) کچے میں چھوٹو گینگ کے خلاف فورسز کا بڑا آپریشن جاری ہے ۔ کچا جمال میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پمفلٹ پھینکے گئے جس میں چھوٹو گینگ کو یرغمالی رہا کرنے اور ہتھیار ڈالنے کو کہا گیا ہے ۔ سیکورٹی فورسز کی ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی بھی جاری ہے ۔ چھوٹو گینگ کو جان کے لالے پڑ گئے ۔ فورسز کی کچا جمال میں کارروائی شروع ہوتے ہی ڈاکو پسپا ہونے لگے ۔ سیکورٹی فورسز نے کچا جمال میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پمفلٹ پھینکے جس میں چھوٹو گینگ کو وارننگ دی گئی کہ یرغمالیوں کو رہا کرکے ہتھیار ڈال دو ۔ چھوٹو گینگ کے خلاف مقدمات کا فیصلہ عدالتیں کریں گی ۔ سیکورٹی فورسز ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں ۔ مارٹر گولے فائر کیے جا رہے ہیں اور علاقہ وقفے وقفے سے فائرنگ کی آواز سے گونج رہا ہے ۔ آپریشن ضرب آہن کے دوران کچا جمال اور کچا مورو سمیت بیس بستیوں میں کرفیو نافذ ہے ۔ کچے کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چوکیاں قائم کردی گئی ہیں تاکہ چھوٹو گینگ انجام کو پہنچایا جا سکے ۔ دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی جانب سے شیلنگ اور فائرنگ کے بعد چھوٹو گینگ جنگل میں جا چھپا ہے اور فورسز کی جانب سے ان کا مسلسل تعاقب جاری ہے ۔چھوٹو گینگ کا مکمل صفایا کرنے کیلئے ہیلی کاپٹرز کی مدد سے علاقے کی ریکی کی جا رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ان کے ٹھکانوں پر فائرنگ اور شیلنگ کی جا رہی ہے