وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات نظر انداز، ایک سال سے اقلیتی امور کے وزیر کو الاٹ شدہ گھر نہیں ملا، سابق صوبائی وزیر نے اپنے بھائی کو مشیر بنوا کر گھر اپنے پاس ہی رکھ لیا۔
لاہور: (یس اُردو) وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے احکامات نظر انداز کر دیئے گئے، ایک سال قبل سرکاری رہائش گاہ 3 کلب روڈ وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو کو الاٹ کی گئی۔ اقلیتی امور کے وزیر خلیل طاہر سندھو اس وقت 1 اے اپر مال میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے گھر سکیورٹی خدشات کی وجہ سے تبدیل کرنے کا کہا تو وزیر اعلیٰ نے اپریل 2015ء میں صوبائی وزیر خلیل طاہر کو 3 کلب روڈ الاٹ کر دیا۔ 3 کلب روڈ پر تاحیات نااہل ہونے والے سابق صوبائی وزیر عبد الوحید آرائیں رہائش پذیر تھے، عبد الوحید آرائیں نے اپنے بھائی کو مشیر وزیر اعلیٰ بنوا دیا اور گھر پر ملتان ہاؤس بھی لکھوا دیا۔ قانونی طور پر مشیر وزیر اعلیٰ کو جی او آر ون میں سرکار ی گھر الاٹ نہیں ہو سکتا۔ تاہم، ایک سال گزر گیا، خلیل طاہر سندھو کو گھر نہیں ملا۔