counter easy hit

علی حیدر گیلانی بازیابی کے بعد لاہور پہنچ گئے

 Ali Haider Gilani

Ali Haider Gilani

گیلانی خاندان کا تین سالہ انتظار ختم , والدہ سے گلے لگ کر جذبات پر قابو نہ پاسکے , آنکھیں‌فرط جذبات سے نم ہوگئیں , بیٹے کو گود میں اٹھا کر پیار کیا
لاہور (یس اُردو) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مغوی بیٹے علی حیدر گیلانی بازیابی کے بعد خصوصی طیارے سے لاہور پہنچ گئے ہیں ۔ ایئرپورٹ پر علی حیدر گیلانی نے والدہ کو دیکھتے ہی گلے لگا لیا ، ان کے بیٹے اپنے والد کا استقبال کرنے کیلئے پہنچے تو علی حیدر گیلانی نے اسے گلےلگا کر گود میں اٹھا لیا ۔ گھر میں علی حیدر گیلانی کی واپسی کے موقع پر خصوصی پکوان تیار کئے گئے ہیں اور کارکنوں کیلئے بھی کھانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔ علی حیدر گیلانی کو ملتان میں 2013 کے انتخابات کی مہم کے دوران القاعدہ سے منسلک ایک گروپ نے اغوا کر لیا تھا ۔ ان کی بازیابی کیلئے مسلسل کوششیں جاری رہیں اور گزشتہ روز ان کی بازیابی کا باضابطہ اعلان کیا گیا ۔ علی حیدر گیلانی کا ایئرپورٹ پر استقبال کرنے کیلئے ان کے اہلخانہ کے علاوہ دوستوں اور عزیز و اقارب کی بڑٰی تعداد موجود تھی تاہم سکیورٹی خدشات کے باعث ان کی پرواز کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بجائے لاہور کے پرانے ایئرپورٹ پر لینڈ کروایا جائے گا ، علی حیدر گیلانی کے اہلخانہ کو بھی ایئرپورٹ کی عمارت کے اندر خصوصی لائونج میں جانے کو کہا گیا ہے ۔ علی حیدر گیلانی کے بھائی عبدالقادر گیلانی نے میڈیا سے گفتگو میں ان خبروں کی تردید کی ہے کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کیلئے کسی قسم کا کوئی تاوان ادا کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علی حیدر گیلانی کی رہائی میں پوری پاکستانی قوم کی دعائوں کا حصہ ہے جنہوں نے دکھ کی مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا ۔ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے بعد ملک کی تمام سیاسی قیادت کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو مبارکبادوں کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور ان کی خیریت بھی دریافت کی جا رہی ہے ۔ لاہور اور ملتان میں یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ کے باہر کارکنوں اور ان کے دوستوں کا جم غفیر موجود ہے جو علی حیدر گیلانی کا استقبال کرنے کیلئے تیاریاں کر چکا ہے ، کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال رہے ہیں جبکہ گھر کے قریب شاہراہ سے گزرنے والے راہگیروں کیلئے شربت کی سبیل بھی لگائی گئی ہے جہاں سے گزرنے والے ہر راہگیر کی تواضع ٹھنڈے شربت سے کی جا رہی ہے ۔ علی حیدر گیلانی کو افغانستان سے لانے کیلئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے خصوصی طیارہ بھی فراہم کیا گیا تھا ۔ انہیں گزشتہ روز افغانستان میں غزنی کے علاقے سے بازیاب کرایا گیا تھا