مایہ ناز کرکٹ کمنٹیٹر ٹونی کوزیئر 75 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بار باڈوس: (یس اُردو) بارباڈوس سے تعلق رکھنے والے ٹونی کوزیئر ٹی وی، ریڈیو اور صحافت کے ساتھ 58 برس منسلک رہے۔ ان کی پیدائش سنہ 1940 میں برج ٹاؤن میں ہوئی تھی اور انھوں نے سنہ 1966 میں بی بی سی ٹیسٹ میچ سپیشل میں پہلی بار کمنٹری کی تھی۔ ٹونی کوزیئر کئی کتابوں کے مصنف بھی تھے۔ کرکٹ ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹونی ٹی وی اور ریڈیو پر ہر بال پر کمنٹری کرنے کے استاد تھے۔ وہ دونوں شعبوں میں استاد تھے۔ گذشتہ 25 برسوں کے دوران دونوں شعبوں میں ان سے بہترین کارکردگی دکھانے والا شخص نہیں ملا۔ ٹونی کوزیئر کے والد بھی صحافت سے منسلک تھے۔ انھوں نے کینیڈا کے شہر اوٹاوا کی کارلٹن یونیورسٹی سے صحافت کی تعلیم حاصل کی تھی اور سنہ 1958 میں ویسٹ انڈیز میں کمنٹری اور مضامین نگاری کا آغاز کیا تھا۔ وہ بارباڈوس کی ہاکی ٹیم کے گول کیپر بھی رہے تھے۔ بار باڈوس کے دو کرکٹ کلبز وانڈررز اور کارلٹن کی ٹیم میں بطور اوپننگ بلے باز اور وکٹ کیپر بھی کھیلے تھے۔ دسمبر 2011 میں انھیں میرلبورن کرکٹ کلب کی اعزازی رکنیت دی گئی تھی اور بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں میڈیا سینٹر کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر اور کرکٹ کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ کہتے ہیں کہ میں نے ٹونی کوزیئر کے ساتھ گھنٹوں گزارے ہیں۔ انھوں نے بھرپور زندگی گزاری اور وہ ان کو بھی سخت جواب دیتے تھے جو ویسٹ انڈیز کرکٹ پر غیرمنصفانہ تنقید کرتے تھے