آرمی چیف نے سانحہ صفورا ، صالح مسجد اور سبین محمود کے قتل میں ملوث 5 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔
راولپنڈی: (یس اُردو) آرمی چیف کا امن دشمنوں کے خلاف زبردست اقدام۔ پانچ خطرناک دہشتگرد منطقی انجام کے قریب پہنچ گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے پانچ ملک دشمنوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی۔ دہشتگردوں میں سانحہ صفورا بس حملے، سماجی کارکن سبین محمود کے قتل ، صالح مسجد بم دھماکہ کے منصوبہ ساز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث تھے۔ دہشتگردوں میں طاہر حسین منہاس، سعد عزیز ، اسد الرحمان، حافظ ناصر اور اظہر عشرت شامل ہیں۔ پانچوں دہشتگردوں کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیا گیا جہاں امن دشمنوں نے خود پر عائد الزامات کا اعتراف کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگرد طاہر منہاس پر نو ، سعد عزیز پر دس ، اسد الرحمان پر چار جبکہ حافظ ناصر اور اطہر عشرت پر پانچ، پانچ الزامات تھے۔ واضح رہے کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ میں پچھلے سال مئی میں دہشتگردوں نے ایک بس میں گھس کر فائرنگ کر کے اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے 45 افراد کو قتل کر دیا تھا۔