شیخوپورہ(بیورورپورٹ)ڈی پی اوسرفراز خان ورک کی طرف سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کے سلسلے کو شہری حلقوں نے سراہا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ وہ اسی طرح سائلین کی شکایات کے ازالہ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے تاکہ حصول انصاف کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوسکیں اور پولیس کلچر میں مثبت تبدیلیاں ممکن ہوسکیں، شہری حلقوں کے مطابق ڈی پی او کے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا اقدام ایک طرف متاثرہ افراد کی داد رسی کا حامل ہے تو دوسری طرف جرائم کی وارداتوں میں بھی واضح کمی کا موجب ثابت ہورہا ہے جس کا جاری رہنا ماگزیر ہے، واضح رہے کہ ڈی پی او شیخوپورہ سرفراز خان ورک نہ صرف خود ہفتہ وار کھلی کچہریاں منعقد کررہے ہیں بلکہ تمام تھانوں کے ایس ایچ او زکو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہفتہ میں ایک روز کھلی کچہریاں لگائیں جن میں موصول ہونے والی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے موقع پر احکامات جاری کرنے سمیت ان پر عملدر آمد بھی یقینی بنائیں، ڈی پی او کی اس ہدایت کے پیش نظر شہریوں خصوصاً ایسے سائلین جو سالہا سال سے پولیس کی مبینہ عدم توجہی کے باعث حصول انصاف کے محروم ہیں کی داد رسی ہورہی ہے اور پولیس پر عوام کا اعتماد بھی بڑھ رہاہے۔