حکومت کی جانب سے نام ملتے ہی ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا :سپیکر قومی اسمبلی کی میڈیا سے گفتگو
لاہور (یس اُردو) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاناما لیکس پر پارلیمانی کمیٹی کے لیے اپوزیشن کے نام مل گئے ، حکومت کے نام کل تک آجائیں گے ، اپوزیشن کے ٹی او آرز میں استعفے کا مطالبہ نہیں کیا گیا ، شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکومت ٹی او آرز کے لئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لاہور میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سابق وزیر اعظم کو بیٹے علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر مبارکباد دی ۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت کے نام ملتے ہی ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفیکشن کر دیا جائے گا ۔ سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ہر اپوزیشن جماعت کا حکومت سے رابطہ ہے اور جمہوریت کا یہ حسن اور پارلیمانی روایت ہوتی ہے ٹی او آرز کمیٹی میں کوئی نظر انداز نہیں ہوگا ۔ دوسری طرف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن تو اپنے نام ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی کے لئے دے چکی ہے مگر حکومت نے ابھی تک نام نہیں دیئے حکومت اس معاملے پر سنجیدہ نظر نہیں آرہی