سپین(بیورو چیف)اقتدار پر قبضے کامشورہ دینے والے درحقیقت فوج کو نئے چیلنجز میں الجھاناچاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی سپین کے صدر عمر فاروق رانجھا نے یس اُردو سے کیا، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو جتنے خطرات بیرونی دشمنوں سے ہیں اس سے کہیں زیادہ اندرونی سطح پر لاحق ہیں، ملک میں پہلے ہی بے شمار چیلنجز ہیں جن سے فوج بحیثیت ایک ادارہ نبردآزما ہے جس میں سب سے نمایاں چیلنج دہشت گردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو ملک پر قبضے کا مشورہ دینے والے در حقیقت ذاتی مفادات کی خاطر فوج کو نئے چیلنجز میں الجھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل فوج نہیں ہے۔ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا اور جمہوریت کو مضبوط کرنا ہوگا تاکہ پاکستان خوشحال ملک بن سکے۔