ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس)کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے چیئر مین اوقاف اور مقامی ایم این اے کی ملاقات ،تمام مسائل کا آسان حل قانون کی پاسداری ہے ،واقعہ کا حل حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ہی ہوگا اور وہ ہی حل کے نفاذ کی ضامن ہوگی ،دفتر اور ریکارڈ کو جلائے جانے والے ہر امیر اور غریب کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی چیئر مین اوقا ف ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب نے چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق سے ننکانہ مسئلہ کے حل کیلئے اُن کی رہائش گاہ پر اُن سے خصوصی ملاقات کی اس موقع پر اُن کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ضلعی رہنما رائے صفدر علی خان اور رائے رضوان سلطان کھرل بھی موجود تھے جبکہ محکمہ اوقاف کی طرف سے ایڈمنسٹریٹر اوقاف ننکانہ زون وہاب گل اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر محمد اسحاق موجود تھے ،ملاقات کے دوران ڈاکٹر شذرہ منصب نے ننکانہ صاحب میں عوام اور محکمہ اوقاف کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے زبانی تجاویز دیں جس پر چیئر مین اوقاف نے کہا کہ وہ ان تجاویز کو تحریری طور پر بھی ارسال کرے ڈاکٹر شذرہ نے کہا کہ میں 14مئی کو ہونے والے واقعات اور محکمہ اوقاف کے جلائے جانے والے دفتر اور ریکارڈ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ وہ لینڈ مافیا اور قبضہ گروپ کی کسی صورت بھی سفارشی نہیں ہیں اس موقع پر چیئر مین اوقاف صدیق الفاروق نے کہا کہ دفتر اور ریکارڈ کو جلائے جانے والے امیر ہو یا غریب تمام کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور حکومتی رٹ کو قائم کیا جائے گا چیئر مین نے کہا کہ ان تمام مسائل کا آسان حل قانون کی پاسداری ہے انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب میں موجود32سو گھر وں اور دوکانوں کو کرایہ دار بننا ہوگا اور کرایہ لگوانا پڑے گا۔